لاہور (ویب ڈیسک) نامور کالم نگار جاوید چوہدری اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔روس کے آخری زار کے دور میں اڑھائی کروڑ لوگ بے روز گار ہوئے' کسانوں سے کھیت' مزدوروں سے مزدوری اور ملازموں سے ملازمتیں چھن گئیں' مہنگائی اس قدر زیادہ تھی کہ لوگ اپنے بچے بیچ دیتے تھے
لیکن اس کے باوجود مہینہ گزارنا مشکل ہو جاتا تھا اور ریاست کی حالت یہ تھی بیوروکریٹک سسٹم بیٹھ چکا تھا' سرکاری ملازم ہر دوسرے دن ہڑتالوں پر چلے جاتے تھے' پولیس چور کے ساتھ مل جاتی تھی' عدالتوں کے فیصلےگروہ لکھ کر بھجوا دیتے تھے' فوج مطلق العنان تھی' بادشاہ ملکہ کے زیر اثر تھا' ملکہ پیر راسپوٹین کے پاؤں میں بیٹھی رہتی تھی اور راسپوٹین مے نوشی ' عورت اور پیسے وصول کر کے کسی کو بھی' کسی بھی عہدے پر تعینات کر دیتا تھا لہٰذا پورا ملک بیٹھ گیا۔انقلاب فرانس کے دوران فرانس میں بھی یہی ہوا' بادشاہ ملکہ کے پلو کے ساتھ بندھا تھا اور ملکہ میری اینٹونیٹ عوام کو مشورے دے رہی تھی آپ کو بریڈ نہیں ملتی تو کیک کھا لیں اور ایران کے انقلاب میں بھی سڑکوں پر عوام کا ریلہ بہہ رہا تھا اور دوسری طرف بادشاہ کی گھڑی ایک گھنٹہ پیچھے رہ جاتی تھی توشاہی گھڑی ٹھیک کرانے کی بجائے پورے ملک کی گھڑیاں ایک گھنٹہ پیچھے کر دی جاتی تھیں اور عدالتوں کے فیصلے جج نہیں لکھتے تھے ایران کی خفیہ ایجنسی ساواک کے دفتروں میں لکھے اور جاری کیے جاتے تھے لہٰذا گلیوں میں بھی بدامنی ہوئی اور سلطنت بھی پارہ پارہ ہو گئی۔پاکستان روس' فرانس اور ایران نہیں ہے' ہم ہو بھی نہیں سکتے' کیوں؟ کیوں کہ یہ تینوں ملک بہر حال کسی قوم کے ملک ہیں' ایران اڑھائی ہزار سال پرانی قوم ہے' فرانس کی تاریخ دو ہزار سال قدیم ہے اور روس اس وقت بھی موجود تھا جب یورپ میں کوئی ملک' کوئی قوم آباد نہیں تھی لہٰذا یہ تینوں انقلاب کا جھٹکا برداشت کر گئے۔
وہاں صرف عنان اقتدار اور آئین تبدیل ہوا لیکن ہم، معذرت چاہتا ہوں، قوم ہیں اور نہ ہی ہماری کوئی تاریخ ہے' ہم ہزاروں سال سے سینٹرل ایشین طالع آزماؤں کی روندی ہوئی زمینیں ہیں چناں چہ آپ میری بات لکھ لیجیے اگر پاکستان میں روس' فرانس اور ایران جیسے حالات پیدا ہو گئے تو ہم بکھر جائیں گے' ہم ایک ملک نہیں رہیں گے' پاکستان (نعوذ باللہ) خواب کی طرح ٹوٹ جائے گا۔میں آپ سب سے معذرت چاہتا ہوں' میں آپ کو مایوس نہیں کرنا چاہتا لیکن آپ بھی کسی روز یہ ماننے پر مجبور ہو جائیں گے ہم حقیقتاً انقلاب کے اس دہانے پر ہیں جس میں اب صرف ایک بندہ گرنے کی دیر ہے اور پھر یہ ملک کسی سے بھی سنبھالا نہیں جائے گا'' کسی سے بھی نہیں'' آپ بے روزگاری دیکھ لیجیے۔پاکستان تاریخی بے روزگاری کا شکار ہے'روزگار کی شرح ایک اور دس ہے' دس لوگوں میں سے ایک کماتا ہے اور نو کھاتے ہیں اور کمانے والوں کی ہمت بھی اب جواب دے رہی ہے اور بے روزگاری کی وجہ کیا ہے؟ بے ہنری اور غیرکاروباری ماحول' ہم نے اس ملک میں کام کرنے والوں' روزگار دینے والوں اور کام یاب ہونے والوں کو مغلطات کا نشانہ بنا دیا ہے' آپ اگر دہی بھلے کی ریڑھی بھی لگا لیں تو خاندان سے لے کر حکومت تک ہر شخص آپ کا مخالف ہو جائے گا' کوئی آپ کو دلاسا تک نہیں دے گا' ہم نے ملک میں آج تک لوگوں کو سکل نہیں سکھائی' ملک میں دس کروڑ لوگ بے روزگار ہیں لیکن ڈرائیور تلاش کرتے ہیں تو بیس بیس سال ڈرائیور نہیں ملتا' ایوریج کک' مستری' الیکٹریشن اور پلمبر تک نہیں ہیں۔ایوان صدر کی ٹونٹیاں تک لیک کر رہی ہیں اور وزیراعظم بھی گندا کھانا کھا کر فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو جاتے ہیں' ملک میں مہنگائی کی حالت یہ ہے کھانے کا سامان اسٹاک ایکسچینج کی طرح اوپر نیچے ہوتا ہے اور پیچھے رہ گئی ریاست تو کورونا امدادی فنڈ میں بدعنوانی کی آڈیٹر جنرل کی رپورٹ بھی آئی ایم ایف جاری کراتا ہے اور گورنر اسٹیٹ بینک ہو' سیکریٹری خزانہ ہو یا وزیر خزانہ ہو یہ سارے فیصلے اب آئی ایم ایف سے ہوتے ہیں' ملک میں پہلی مرتبہ ایسی حکومت آئی ہے جس نے ملک کے ہر طبقے کو ہلا کر رکھ دیا' آپ ملک کا کوئی سیکٹر دیکھ لیں' آپ کو ہر دیوار کے پیچھے سے سسکیاں سنائی دیں گی لیکن ان سنجیدہ حالات میں سنجیدگی کا عالم یہ ہے ملک میں آڈیو آڈیو اور ویڈیو ویڈیو کا کھیل ہو رہا ہے۔
The post ترقی قومیں کرتی ہیں اور ہم پاکستانی نہ تو قوم ہیں اور نہ ہماری کوئی تاریخ ہے ۔۔۔۔۔۔ appeared first on Markhor TV.
from Markhor TV https://ift.tt/3rBn78q
via IFTTT
